13 جولائی ، 2020
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم کے الیکٹرک کے دفتر پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ نادرکھوسو کی سربراہی میں کے الیکٹرک کے دفتر کا دورہ کیا۔
نیپرا ٹیم کراچی میں بجلی لوڈ شیڈنگ پر تحقیقات کررہی ہے اور تحقیقاتی ٹیم کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کا دورہ بھی کرے گی اور بجلی کی پیداوار اور فیول کی فراہمی سے متعلق تفصیلات جمع کرے گی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کی ٹیم مختلف علاقوں کا دورہ کرکے کراچی کے شہریوں سے بھی ملے گی اور لوڈشیڈنگ کا ڈیٹا جمع کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سے کے الیکٹرک نے فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کو بہانا بناکر شہر میں گرمی بڑھتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس سے شہری بے حال ہوگئے ہیں۔
شہریوں کی جانب سے یہ بھی شکایت کی گئی تھی کہ گھنٹوں گھنٹوں بجلی معطل رہتی ہے اس کے باجود زیادہ بلز وصول کیے جاتے ہیں۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے 10 جولائی کو کراچی میں کھلی کچہری لگائی تھی جب کہ اسی روز مزید حقائق جاننے کے لیے 4 رکنی انکوائری کمیٹی بنائی تھی۔
نیپرا حکام کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے کراچی کے دورے کی رپورٹ اور عوامی سماعت سے حاصل ہونے والے حقائق کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔