پاکستان
Time 14 جولائی ، 2020

پب جی گیم پر پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آن لائن پب جی گیم پر پابندی کےخلاف درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پب جی گیم پر عائد پابندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے وکیل سے استفسار کیا کہ گیم پرپابندی قانون کی کس شق کے تحت لگائی؟ 

عدالت نے پی ٹی اے کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سی پی او کل کہے گا سب کچھ بند کردو تو کیا آپ بند کردیں گے؟ بتائیں کس کی شکایت ہے کہ یہ گیم مذہبی تعلیمات کے خلاف ہے؟

پی ٹی اے وکیل نے جواب دیا صورتحال ایسی بن گئی تھی کہ پب جی گیم پر پابندی لگانا پڑی، اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ صورتحال نہیں آپ کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔

دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی گیم پر پابندی کےخلاف درخواست کی سماعت میں فیصلہ محفوظ کر لیا۔

یاد رہے کہ پی ٹی اے نے گزشتہ دنوں ’پب جی‘ گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر UnBanpubgInPakistan#کا ٹرینڈ مقبول ہوگیا تھا۔

پی ٹی اے نے مختلف طبقات کی جانب سے آن لائن گیم پلیئرز ان نون بیٹل گراؤنڈز (پب جی) کے خلاف متعدد شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :