پاکستان
Time 14 جولائی ، 2020

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 30 جولائی تک توسیع کردی

 پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں مزید 15 روز کی توسیع کردی ہے۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق لاک ڈاؤن میں 30 جولائی تک توسیع کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سابقہ حکم کے تحت اب 30 جولائی تک صوبے بھر کے تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے۔

 سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں سماجی و مذہبی اجتماعات اور  کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکھٹا ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق   تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک پیر تا جمعہ کھلے رہیں گے جب کہ میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔

کھانے پینے کی اشیاء  اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک، ہفتہ بھر کھلے رہیں گے جب کہ تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رہیں گے۔ 

 کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا جو کہ 30جولائی کی رات 12 بجے  تک نافذ العمل رہے گا۔ 

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں کی تواریخ متعلقہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوں گی۔ 

 اس سے قبل 30 جون کو پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے 15 جولائی تک کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 87 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 2 ہزار 26 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :