Time 14 جولائی ، 2020
دنیا

ڈاکٹر فاؤچی نے رواں سال کے آخر تک کورونا ویکسین کی تیاری کی نوید سنادی

امریکا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیس ڈیزیزز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے رواں سال کے آخر تک کورونا ویکسین تیار کرنے کی امید ظاہر کردی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں اور ایک بار پھر مہلک وائرس کے متاثرہ مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

امریکا میں ایک دن میں 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور اسی حوالے سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیس ڈیزیزز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے ٹرمپ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ امریکا میں مکمل شٹ ڈاؤن نہ کرنا اوراحتیاطی تدابیرپر عمل نہ کرنا کیسزمیں اضافےکی وجہ ہے، شروع میں تو کچھ پابندیاں عائد کی گئیں تھیں لیکن ملک دوبارہ کھلنا شروع ہوا تو متعدد شہروں میں کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوبارہ شٹ ڈاؤن کرنے کی ضرورت نہیں لیکن ہمیں چند قدم پیچھے ہٹنا ہوگا اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلہ بنائے رکھنا ہوگا۔

ڈاکٹر فاؤچی نے امید کا اظہار کیا کہ رواں سال کے آخر یا اگلے سال کے شروع تک کورونا کی ویکسین تیار کرلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنسدان کورونا کی دوا اور ویکسین کی تیاریوں میں مسلسل مصروف ہیں اور امید ہے کہ رواں سال کے آخر یا 2021 کے ابتداء میں مؤثر ویکسین تیار کرلی جائے گی۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ڈاکٹر فاؤچی کے انٹرویو کے ردعمل میں کہا ہے کہ میرے فاؤچی سے اچھے تعلقات ہیں لیکن میں ہمیشہ ان سے اتفاق نہیں کرتا۔ 

خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے باعث  اب تک ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 34 ہزار سے  تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :