14 جولائی ، 2020
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمت میں اضافے سے متعلق سوئی ناردرن اور سدرن کے مطالبات مسترد کردیے۔
ترجمان کے مطابق اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے لیے سوئی ناردرن اور سدرن کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کردیا جس میں سوئی ناردرن اور سدرن نے رواں مالی سال کے لیےگیس کی قیمتوں میں اضافہ مانگا تھا لیکن اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں کمی تجویز کی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سوئی ناردرن نےگیس کی اوسط قیمت میں623 روپے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا تاہم اوگرا نے سوئی ناردرن کی گیس قیمت میں اضافے کی بجائے 6 فیصدکمی کی تجویز دی ہے۔
ترجمان کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت 664 روپے 25 پیسے سے بڑھاکر 1287 روپے فی یونٹ کرنےکی درخواست کی تھی لیکن فیصلے میں سوئی ناردرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت 664 روپے 25 پیسے سے کم کرکے 623 روپے 31 پیسےکرنےکی تجویز دی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کی موجودہ اوسط گیس قیمت میں بھی 2 فیصد کمی تجویز کی ہے جب کہ سوئی سدرن نے آئندہ مالی سال کے لیے گیس کی فی یونٹ اوسط قیمت میں 85 روپے 53 پیسے اضافہ مانگا تھا لیکن سوئی سدرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت میں 45 روپے 28 پیسے کمی تجویز کی گئی ہے۔
ترجمان اوگرا نے بتایا کہ سوئی سدرن کی گیس کی موجودہ اوسط قیمت 796 روپے 18 پیسے سے بڑھاکر 881 روپے 53 پیسے کرنے کی درخواست تھی لیکن اوگرا نے سوئی سدرن کی موجودہ اوسط گیس کی قیمت 796 روپے 18 پیسے سے کم کرکے 750 روپے 90 پیسے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔
ترجمان کے مطابق گیس کی قیمتوں میں کمی کی تجویز کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گیس قیمتوں کا حتمی نوٹیفکیشن اوگرا وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد جاری کرے گا۔