دنیا
05 ستمبر ، 2012

کینیڈا:کیوبک میں انتخابی ریلی میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک

کینیڈا:کیوبک میں انتخابی ریلی میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک

مونٹریال…کینیڈا کے صوبے کیوبک میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی علیحدگی پسند پارٹی کی ریلی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب Parti Quebecois کی 63 سالہ رہنما پاؤلین اپنی پارٹی کی کامیابی کے جشن کے دوران تقریر کررہی تھیں تاہم وہ فائرنگ سے محفوظ رہیں۔ بعدازاں پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ کینیڈا کے صوبے کیوبک کے انتخابات میں علیحدگی پسند جماعت نے اکثریت حاصل کرلی ہے ۔ مونٹریال میں پارٹی کے حامیوں نے جشن منایا۔ رقبے کے لحاظ سے کینیڈا کے سب سے بڑے صوبے کیوبک میں قانون ساز اسمبلی کی 125 نشستوں کے لیے انتخابات ہورہے ہیں جس میں 60 لاکھ کے قریب افراد نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ نتائج کے مطابق علیحدگی پسند جماعت ”Parti Quebecois “ انتخابات میں واضح برتری حاصل کرلی ہے اور وہ دوسری چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کرحکومت بنا سکتی ہے۔ حکمراں جماعت لبرل پارٹی کے9 سالہ اقتدار کے خاتمے کی وجہ تعلیمی اداروں میں ٹیوشن فیس میں اضافہ بھی قرار دیا جا رہا ہے جس کے باعث طلبہ کئی مہینوں سے احتجاج کررہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق Parti Quebecois کی کامیابی کے باوجود کیوبک صوبے کی کینیڈا سے فوری علیحدگی کا امکان نہیں کیونکہ کیوبک صوبے کے عوام کی اکثریت علیحدگی کے بجائے صرف لبرل جماعت سے چھٹکارے کی خواہش مند نظرآتی ہے۔

مزید خبریں :