دنیا
Time 15 جولائی ، 2020

امریکی صدر ٹرمپ کی بھتیجی کا بھی چچا سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے بھی اُن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

امریکی صدر کی بھتیجی ان کے خلاف کتاب بھی لکھ چکی ہیں جس میں ان سے متعلق بہت سے اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔

میری ٹرمپ نے چچا ڈونلڈ ٹرمپ کو جھوٹا اور خود پسند شخص قرار دینے کے ساتھ امریکیوں کے لیے خطرہ بھی قرار دیا ہے۔

اب امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں میری ٹرمپ نے کہا کہ ان کے چچا کا امریکا کا صدر رہنا خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ سماج کے لیے ایک برا رویہ رکھنے والے  شخص ہیں، اگر انہیں اپنے چچا سے کچھ کہنے کا موقع ملا تو وہ اس کے علاوہ کچھ نہیں کہیں گی کہ وہ مستعفی ہوجائیں۔

خیال رہے کہ میری ٹرمپ امریکی صدر کے بڑے بھائی آنجہانی فریڈ ٹرمپ جونیئر کی بیٹی ہیں اور امریکی صدر ان کے سگے چچا ہیں۔

کتاب کے پبلشرز نے میری ٹرمپ کی کتاب 14 جولائی کو شائع کرنے کا اعلان کیا تھا جسے روکنے کے لیے امریکی صدر کے چھوٹے بھائی اور مصنفہ کے دوسرے چچا رابرٹ ٹرمپ نے عدالت سے رجوع کیا تھا تاہم عدالت نے ان کا مؤقف مسترد کردیا تھا۔

مزید خبریں :