دنیا
Time 16 جولائی ، 2020

دبئی کے اسپتال نے کورونا کے بھارتی مریض کے لاکھوں درہم کیوں معاف کیے؟

راجیش نے اسپتال انتظامیہ کے خصوصی تعاون اور اپنے علاج پر شکریہ ادا کیا ہے،فوٹو:خلیج ٹائمز

دبئی کے ایک اسپتال نے کورونا کے مریض کے علاج معالجے پر خرچ ہونے والے لاکھوں درہم معاف کردیے۔

خلیجی اخبار کے مطابق 23 اپریل کو بھارت کے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک 42 سالہ شخص راجیش اوڈنالا کو کورونا وائرس کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق راجیش کی طبیعت مسلسل بگڑتی چلی گئی اور بالآخر مسلسل علاج اور خصوصی نگہداشت کے بعد اس کی طبیعت میں بہتری آئی اور جب اس کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آیا تو اسے اسپتال میں داخل ہوئے 80 روز ہوچکے تھے۔

اخبار کے مطابق بھارتی شہری کے اہلخانہ چاہتے تھے کہ اسے واپس بھارت بھیج دیا جائے لیکن وہ اسپتال کا بل بھرنے سے قاصر تھے جو کہ 7 لاکھ 62 ہزار درہم تقریباً ساڑھے 3 کروڑ پاکستانی روپے بن چکا تھا۔

راجیش کے اہلخانہ کی درخواست پر دبئی میں بھارتی قونصل خانے نے اسپتال کو خط لکھ کر انسانی بنیادوں پر بل معاف کرنے کی درخواست کی جسے اسپتال کی جانب سے قبول کرلیا گیا اور اسے بلا کسی معاوضے کے اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

یہی نہیں بلکہ اسپتال نے راجیش کے واپس جانے کا بھی انتظام کیا اور اسے ائیر ٹکٹ بھی دیا۔

راجیش نے اسپتال انتظامیہ کے خصوصی تعاون اور اپنے علاج پر شکریہ ادا کیا ہے۔

مزید خبریں :