کھیل
Time 09 جولائی ، 2020

کورونا کیخلاف جنگ: ناصر جمشید کی اہلیہ کو انگلش کرکٹ بورڈ کا خراج تحسین

ڈاکٹر ثمرہ افضل کے نام والی شرٹ انگلینڈ کے کرکٹر کرس ووکس نے پہن کر انہیں خراج تحسین پیش کیا،فوٹو:فائل

انگلینڈاینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی  بی) کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی علمے کی خدمات کے اعتراف میں مہم شروع کی گئی ہے جس میں پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کی اہلیہ ڈاکٹر ثمرہ افضل کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

ای سی بی نےکورونا وائرس کے خلاف لڑنے والوں کی خدمات کے اعتراف میں 'ریز دی بیٹ' مہم شروع کی ہے جس میں انگلش ٹیم کے کھلاڑی ‏ طبی عملے کے ناموں والی  شرٹس ٹریننگ کے دوران پہن رہے ہیں۔

‏پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر ثمرہ افضل کے نام والی شرٹ انگلینڈ کے کرکٹر کرس ووکس نے پہن کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر ثمرہ افضل نے  ایک ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای سی بی کی جانب سے سراہا جانا میرے لیے اعزاز اور خوشی کی بات ہے، ‏خاص بات یہ ہے کہ میرے فیورٹ کرکٹر نے میرے نام والی شرٹ پہنی۔

کرس ووکس نے ٹوئٹر پر انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‏یہ ان لوگوں کے لیے ایک معمولی سی چیز ہے جو قربانیاں دے رہے ہیں، مشکل وقت میں سخت محنت جاری رکھنے پر آپ کا شکریہ۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر  ثمرہ افضل پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کی اہلیہ ہیں اور خود بھی پارٹ ٹائم کرکٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کو رواں برس فروری میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں برطانوی کراؤن کورٹ نے سزا سنائی ہے۔

انٹرنیشنل کرائم ایجنسی نے اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کے بعد کرکٹر ناصر جمشید اور ان کے ساتھیوں یوسف انور اور محمد اعجاز کو سزا سنائی۔

مانچسٹر کی کراؤن کورٹ نے ناصر جمشید کو 17 ماہ جبکہ یوسف انور کو ساڑھے 3 سال اور اعجاز احمد کو ڈھائی سال قید کی سزا سنائی۔

پولیس نے تینوں ملزمان کو سزا سنائے جانے کے بعد کراؤن کورٹ سے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا تھا۔ 

مزید خبریں :