17 جولائی ، 2020
حال ہی میں کورونا وائرس کو شکست دینے والے مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق طبیعت ناساز ہونے پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے شہباز شریف کا معائنہ کیا۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے شہباز شریف کے جسم میں پانی کی مقدار کم ہونے پرڈرپ لگائی، اور کورونا کے بعد کمزوری کو دور کرنے کے لیے ادویات بھی تجویز کیں۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کوکمزوری کےسبب ڈاکٹرزنےہنگامی طبی امدادی فراہم کی، گزشتہ روزشہبازشریف آئین اورقانون کےتقاضوں کےسبب عدالت گئےتھے، ڈاکٹرز کے مطابق گزشتہ روز کی مشقت، دھکم پیل اور باہر جانے سے ان پر اثر ہوا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ معالجین کی رائے میں اینٹی باڈیز ٹیسٹ ہونے تک شہباز شریف گھر سےباہرنہ جائیں، طبی امداد کے بعد شہبازشریف بہتر محسوس کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ آئسولیٹ ہوگئے تھے اور 5 جولائی کو ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔