Time 18 جولائی ، 2020
دنیا

سعودی سپریم کورٹ کی عوام سے ذوالحجہ کاچاند دیکھنے کی اپیل

سپریم کورٹ نے عام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پورے ملک میں پیرکی شام کو ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں،فوٹو:فائل

سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عوام سے ذوالحجہ کاچاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنے ایک  بیان میں عام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پورے ملک میں  آئندہ پیر 29 ذی القعد کی شام کو ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ مجرد آنکھ یا سائنسی آلات کی مدد سے اگر کسی شہری کو چاند نظر آئے تو وہ  قریبی عدالت میں اپنی گواہی درج کرائے۔

دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ نے کل 19 جولائی( 28 ذی القعد) سے 12ذی الحج تک بغیر اجازت کے مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ میں  داخلے پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 12 ذوالحجہ تک مسجد الحرام، منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں اجازت نامے کے بغیرداخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

حکام کے مطابق داخلے سے متعلق حکم کی خلاف ورزی پر 10ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

وزارت داخلہ نے تمام شہریوں اور  مملکت میں رہائش پذیر غیر ملکیوں پر زوردیا ہے کہ وہ رواں سال حج سیزن کے لیے جاری کردہ ہدایات کی پابندی کریں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب نے اس سال محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا ہے۔

سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال مملکت میں مقیم افرادہی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے اور امکان ہے کہ یہ تعداد 10 ہزار تک ہوگی جس میں سعودی عرب کے شہری بھی شامل ہوں گے۔

حکام کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے افراد حج نہیں کر سکیں گے جب کہ مکمل طور پر صحت مند افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی اور انہیں مناسک حج کے بعد بھی ایک مخصوص مدت تک گھروں میں الگ تھلگ رہنا ہوگا۔

مزید خبریں :