دنیا
Time 19 جولائی ، 2020

دنیا بھر میں ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ ڈھائی لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ

زیادہ کیسز امریکا، برازیل، بھارت اور جنوبی افریقا میں ریکارڈ کیے گئے: عالمی ادارہ صحت.  فوٹو: فائل

دنیا بھر میں ایک روز میں کورونا کے 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے جو کہ اب کی ایک روز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق جب سے کورونا کی وبا پھیلی ہے پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کورونا کے کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، سب سے زیادہ کیسز امریکا، برازیل، بھارت اور جنوبی افریقا میں ریکارڈ کیے گئے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق 10 مئی کے بعد سے اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ 7360 ہلاکتیں بھی ریکارڈ کی گئیں۔

امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

امریکا میں ان ریاستوں میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جو لاک ڈاؤن کے حوالے سے غیر سنجید ہ تھیں یا وہاں ماسک پہننے کو اہمیت نہیں دی گئی جب کہ برازیل میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی اقدامات سیاست زدہ رہے اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کیسز کی تعداد میں کمی کے اعلان کے باوجود وہاں اب کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس کے علاوہ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ بھارت جو کہ اب بھی دنیا میں سب سے زیادہ کیسز کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے، وہاں کورونا وائرس کا پیک آنا ابھی باقی ہے۔

بھارت میں ہفتے کے روز 34 ہزار 884 کیسز اور 671 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

جنوبی افریقا میں بھی ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے اور جنوبی افریقا پورے افریقی خطے میں سب سے زیادہ کیسز والا ملک بن گی ہے۔

مزید خبریں :