Time 17 جولائی ، 2020
دنیا

بھارت دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیسرے نمبر پر آگیا

فوٹو: بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی جس کے بعد بھارت کورونا کے سب سے زیادہ کیسز والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کےمطابق وزارت صحت کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز ملک میں کورونا کے اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز اور ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں 34956 نئے مریض سامنے آئے جب کہ 687 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز 10 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کرگئے اور ہلاکتیں 25 ہزار 600 سے بڑھ گئی ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں 6 لاکھ 35 ہزار سے زائد کورونا کے مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح 63 فیصد ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد کچھ علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ملک بھر میں ریاست مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ کیسز ہیں جس کے بعد تامل ناڈو، نئی دہلی، کرناٹکا، گجرات، اترپردیش اور تلنگانا میں مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔

بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرنے کے بعد بھارت دنیا میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز والا تیسرا ملک بن گیا ہے جب کہ امریکا 36 لاکھ کیسز کے ساتھ پہلے اور برازیل 20 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز بھارت کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا سے 8641 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 1476 مریضوں کا تعلق ممبئی شہر سے تھا جب کہ جمعرات کے روز ریاست میں 266 افراد ہلاک بھی ہوئے جن میں سے 56 ہلاکتیں ممبئی میں ہوئیں۔

ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی سے ایک ہفتے میں 1100 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ریاست میں اب تک ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد کورونا کیسز اور 2200 سے زیادہ ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں۔

ریاست کرناٹکا میں جمعرات کے روز ایک دن میں سب سے زیادہ 4169 کیسز رپورٹ ہوئے جہاں بنگلورو شہر میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو 25 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ کرناٹکا میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 51 ہزار سے زیادہ ہے۔

ریاست آسام میں کورونا کے کیسز کی تعداد 19700 سے زائد ہے جب کہ 48 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

کورونا کیسز میں اضافے کے بعد گوا کی حکومت نے 10 اگست تک رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک جنتا کرفیو نافذ کردیا ہے جب کہ اس دوران جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :