Time 20 جولائی ، 2020
دنیا

سعودیہ میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 31 جولائی کو ہوگی

سعودی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں ذو الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔

سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے شہریوں سے پیر کی شام ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی تھی لیکن مملکت میں کہیں سے بھی ذو الحجہ کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیر کو ذو الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا اور منگل 21 جولائی کو ذی القعد کی 30 تاریخ ہوگی۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یکم ذو الحجہ بدھ 22 جولائی کو ہوگی اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات 30 جولائی کو ادا کیا جائے گا جب کہ عید الاضحیٰ 31 جولائی کو منائی جائے گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب نے اس سال محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا ہے۔

سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال مملکت میں مقیم افرادہی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے اور امکان ہے کہ یہ تعداد 10 ہزار تک ہوگی جس میں سعودی عرب کے شہری بھی شامل ہوں گے۔

حکام کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے افراد حج نہیں کر سکیں گے جب کہ مکمل طور پر صحت مند افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی اور انہیں مناسک حج کے بعد بھی ایک مخصوص مدت تک گھروں میں الگ تھلگ رہنا ہوگا۔

مزید خبریں :