کھیل
Time 20 جولائی ، 2020

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز سے پہلے ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ لے لیا

بین اسٹوکس نے میچ کی دونوں اننگز میں 254 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں اور اسی شاندار کارکردگی پر اُنہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا— فوٹو: آئی سی سی

مانچسٹر: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں 113 رنزسے شکست دے کر پہلے ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ لے لیا۔

مانچسٹر میں 16 جولائی سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ویسٹ انڈیز  نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بھاری ثابت ہوا۔

میزبان انگلینڈ نے پہلی اننگز میں بین اسٹوکس اور سبلے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 469 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی۔

بین اسٹوکس نے 176 اور سبلے نے 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ کے جواب میں پہلی اننگز میں 287 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، کالی آندھی کی جانب سے براتھ ویٹ، بروکس اور چیس ہی قابل ذکر رہے جنہوں نے بالترتیب 75، 68 اور 51 رنز کی اننگز کھیلیں۔

انگلینڈ کی جانب سے براڈ اور ووکس نے 3، 3 اور کیوران نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور یوں میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 182 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس اور بٹلر نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور ایک بار پھر اسٹوکس نے شاندار بلے بازی کی۔

دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 311 رنز کا ہدف دیا۔

بین اسٹوکس 78 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین ٹیم 312 رنز کے تعاقب میں 198 رنز بناسکی اور اسے 113 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ویسٹ انڈیز کے بروکس 62 اورجرمین بلیک ووڈ 55 رنزبناکرنمایاں رہے، میزبان ٹیم کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ نے 3، بین اسٹوکس، ڈوم بیس اور کرس ووکس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

— فوٹو: آئی سی سی 

بین اسٹوکس نے میچ میں مجموعی طورپر 254 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں اور اسی شاندار کارکردگی پر اُنہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو شکست دی تھی اور اب فیصلہ کن تیسرا ٹیسٹ 24 جولائی سے مانچسٹر میں ہی کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :