پاکستان
Time 24 جولائی ، 2020

ذخیرہ اندوزی کیس: آئل کمپنیوں کے سی ای اوز کا تفتیش میں شامل ہونے سے انکار

فوٹو فائل—

کراچی میں پیٹرول بحران کی تفتیش کے سلسلے میں پیٹرولیم کمپنیوں کے نامزد سی ای اوز نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

کراچی کی مقامی عدالت میں پیٹرول کی قلت، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں جیکسن تھانے کی پولیس نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔

پولیس نے بتایا کہ ڈی جی آئل کے احکامات پر رکن فیول پرائس کمیٹی پیٹرولیم ڈویژن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سی ای او نجی پیٹرولیم کمپنی اور سی ای او گیس اینڈ آئل پاکستان شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ  پیٹرولیم کمپنیوں کے نامزد سی ای اوز نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے اور  دونوں ملزمان نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ  پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی کی تحقیقات مکمل کیوں نہیں کی جاسکی؟ اس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ کمپنیوں کے نامزد ملزمان عبوری ضمانت کے بعد شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

بعدازاں تفتیشی افسر نے عدالت سے  تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دینے کی درخواست کی جس پر عدالت نے تحقیقات مکمل کرنے کے لیے چار روز کی مہلت دے دی۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو پیٹرول بحران سے متعلق کیس تحقیقات مکمل کرکے چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

مزید خبریں :