پب جی گیم کی بحالی پر گیمرز وقار زکا کے شکر گزار، ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن گیا

فوٹو فائل—

پاکستان میں مقبول آن لائن پب جی گیم بحال ہوگیا ہے جس پر نوجوان  سوشل میڈیا پر ٹی وی میزبان اور یوٹیوبر  وقار زکا کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

پی ٹی اے نے یکم جولائی کو ’پب جی‘ گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی۔

اس پر پی ٹی اے نے وضاحت دی تھی کہ معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے آن لائن گیم پلیئرز ان نون بیٹل گراؤنڈز (پب جی) کے خلاف متعدد شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے اس فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر سب سے پہلے وقار زکا نے آواز اٹھائی تھی اور اس پر سے پابندی ہٹانے کے لیے پٹیشن بھی دائر کی تھی۔

وقار زکا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس فیصلے سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کو فروغ ملنے کے بجائے نقصان پہنچ رہا ہے، یہ پاکستانی نوجوانوں کی ای اسپورٹس سے دوری کا طریقہ ہے جب کہ دنیا کہاں سے کہاں جا رہی ہے۔

بعدازاں سوشل میڈیا پر گیم پر لگائی جانے والی پابندی کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی اور UnBanpubgInPakistan#کا ٹرینڈ مقبول ہوگیا۔

 تاہم بروز جمعہ پی ٹی اے کی جانب سے دوبارہ بیان دیا گیا کہ پب جی گیم پر پابندی برقرار رہے گی لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی ختم کرتے ہوئے اسے فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

پب جی گیم کی بحالی کے بعد سے سوشل میڈیا ٹوئٹرپر#Thankyouwaqarzaka  کا ٹرینڈ سرفہرست کرنے لگ گیا۔

ٹوئٹر اسکرین گریب—

متعدد نوجوان صارفین نے وقار زکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آخر کار آپ کی کوششیں رنگ لے آئیں اور پب جی گیم بحال ہوگیا۔

احمد نامی صارف نے لکھا کہ وقار زکا کو جو چاہیں کہیں لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ وہ ہر مسئلے پر اپنی آواز بلند کرتے ہیں وہ صرف کی بورڈ واریر نہیں۔

ارتصام علی لکھتے ہیں کہ ہمیں اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جو ای اسپورٹس کے لیے کھڑا ہوا جب کسی نے کچھ نہیں کیا۔

اسی طرح پی ٹی آئی کے رکن اور میزبان عامر لیاقت نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پب جی کی بندش پر جتنے “سب جی حضوری” میں لگے ہوئے تھے وقار ذکا نے “ہٹ جی” کرکے سب کو ہٹا دیا۔

انہوں نے کہا کہ  عدالت کا ایک مثالی فیصلہ، تفریح اور غیر نصابی سرگرمیوں سے دور اہالیان پاکستان کے پاس چند ہی تو ذرائع ہیں کیا انہیں بھی ان سے چھین لیا جائے؟ 

اس پر وقار زکا نے عامر لیاقت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اب آپ ٹیکنالوجی موو1 جوائن کریں اور پی ٹی آئی کو خیر باد کردیں۔

مزید خبریں :