25 جولائی ، 2020
لڑکیوں کی شادی کی عمر 18 سال مقرر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی خواتین ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کم عمری کی شادیاں لڑکیوں کو بنیادی تعلیم سے محروم کردیتی ہیں جو پڑھے لکھے، صحت مند اور خوش حال گھرانے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
قرارداد پی ٹی آئی کی رکن سعدیہ سہیل، سمیرا بخاری اور خدیجہ عمر نے مشترکہ طور پر جمع کرائی ہے۔
قرار داد کے مطابق قائداعظم بھی کم عمری کی شادی کو سماجی برائی قراردے چکے ہیں ۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ کم عمری کی شادیوں کے حوالے سے قانون میں بنیادی ترمیم کی جائےاور لڑکیوں کی شادی کی عمر 16سال سے بڑھاکر 18سال کی جائے۔