26 جولائی ، 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پنجاب کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت عید سے تین روز قبل تمام بازار بند کر دیے جائیں گے۔
ذرائع وزیراعلی سیکرٹریٹ کے مطابق کورونا سے بچاؤ کے لیے عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن مجبوری ہے لہذا عید سے دو تین روز قبل بازار اور پلازوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیوں کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے کورونا میں اضافہ ہوا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو مارکٹیوں سے زیادہ عوام کی زندگی اور صحت عزیز ہے تاہم اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مویشی منڈیاں، یوٹیلیٹی اسٹور ز، دودھ، دہی ،تندور اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاون کا نوٹیفکیشن تیار ہے جو کسی وقت بھی جاری ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 91901 ہے جب کہ اموات کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔