پاکستان
Time 26 جولائی ، 2020

زیادہ تر علاقوں سے بارش کا پانی نکالا جاچکا: صوبائی وزیر بلدیات کا دعویٰ

صوبہ سندھ کے وزیر برائے اطلاعات و نشریات اور بلدیات ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد زیادہ ترعلاقوں سے پانی نکالا جاچکا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے باعث کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بارش کے پانی کی نکاسی کے حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے زیادہ تر علاقوں سے پانی نکالا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پر پرانی بارشوں کی تصاویر شیئر کررہے ہیں۔

وہیں دوسری جانب وزیربلدیات ناصرحسین شاہ کی ہدایت پرواٹربورڈ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد شیخ نے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں، ڈی واٹرنگ پمپس نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر تعینات کردیے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ واٹربورڈ کا عملہ برساتی پانی کی نکاس کے لیے تمام تروسائل بروئےکار لارہاہے اور واٹربورڈ کا رین ایمرجنسی آپریشن بغیر وقفے جاری رہے گا۔

مزید خبریں :