کاروبار
Time 27 جولائی ، 2020

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 5100 روپے کا اضافہ

ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور سونے کی فی تولہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے کے بعد ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار ایک سو روپے کا اضافہ ہواہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 23 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے۔

عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونےکی قیمت 46 ڈالربڑھ کر 1 ہزار 942 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے جوکہ ستمبر 2011 کے بعد تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ہے۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں پر لگنے کی وجوہات امریکا اور چین کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بڑھنے والی کشیدگی، ڈالر کی قدر میں کمی اور کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والا معاشی بحران ہے۔

غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے سرمایہ کار اپنا پیسہ اس چیز میں منتقل کر رہے ہیں جو کہ ان کے لیے زیادہ محفوظ ہے۔

امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمتوں میں ابھی اور اضافہ متوقع ہے اور ہوسکتا ہے کہ اس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز فی اونس تک پہنچ جائے۔

مزید خبریں :