پاکستان
Time 28 جولائی ، 2020

پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی تحقیقات کیلئےکمیشن بنانے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی، سیاسی اور کورونا وبا کی صورتحال پرغورکیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی جب کہ یورو فائیو ڈیزل اورپیٹرول کی درآمد سے متعلق ایجنڈا بھی منظور کرلیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قلت میں جو بھی ذمے دار ہوگا کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی کھپت کم ہونے سے قیمتیں تاریخ کی کم تریں سطح پر پہنچ گئی تھیں جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی تھی تاہم یکم جون سے پیٹرول پمپس سے غائب ہوگیا تھا اور ملک میں پیٹرول کا بحران ہوگیا تھا جس کے باعث عوام سستے پیٹرول سے مستفید نہ ہوسکے۔

وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا جس پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی( اوگرا) نے 9 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بحران کا ذمہ دار قرار دیا جب کہ تین کمپنیوں پر جرمانہ کیا گیا۔

بعد ازاں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم 25 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی بھی معمول پر آگئی۔

مزید خبریں :