28 جولائی ، 2020
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا۔
نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے ذمہ داروں کے تعین کے لیے متاثرہ افراد سے شواہد طلب کرلیے ہیں۔
نیپرا نے شہریوں سے درخواست کی کہ ای میل ایڈریس پرکرنٹ لگنے کے واقعات بمعہ شواہد رپورٹ کریں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے نیپرا کے نوٹس کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک ناکام ادارہ ثابت ہوا ہے، نیپرا ایوریج بلنگ، اوربلنگ اور لوڈ شیڈنگ پر بھی ایکشن لے۔
خیال رہے کہ کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل میں آج تیسرے روز بھی مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ اس دوران کرنٹ لگنے و دیگر واقعات میں 12 افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق تین روز میں کرنٹ لگنے سے بچے اور خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے اب تک بجلی کی فراہمی معطل ہے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔