27 جولائی ، 2020
کراچی کے مختلف علاقوں میں مون سون کے تیسرے اسپل میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی ہے جب کہ بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے آج مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں مون سون کے تیسرے اسپل کے دوسرے دن بھی بادل جم کر برسے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا اور گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور برساتی نالے بھی بھر گئے جب کہ لیاقت آباد3 نمبر سے گجر نالہ اوور فلو ہوگیا اور پانی قریبی آبادی میں داخل ہوگیا۔
سڑکیں زیر آب آنے سے متعدد شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا اور متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
اُدھر ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی کا کہنا ہے کہ شہر میں اربن فلڈنگ جیسی صورتحال ہے، بارش رکنے تک یہ صورتحال برقرار رہے گی تاہم ڈی ایم سی ضلع وسطی نے جو ممکن تھا وہ کیا ہے۔
بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں آج مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد دو دن میں اب تک 10 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں سے 7 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے۔
کراچی کی مویشی منڈی میں 18 سال کا ولید کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا جسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
جاں بحق نوجوان کے والد کے مطابق ولید کل بڑے بھائی کے ہمراہ مویشی منڈی گیا تھا جہاں بجلی کے تار لٹکے ہوئے تھے، اس نے اٹھا کر گزرنے کی کوشش کی تو کرنٹ لگا اور ولید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گلشن حدید فیز 2 میں کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق ہوا جب کہ لانڈھی قذافی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 22 سالہ نوجوان ہلاک ہوا ، اس کے علاوہ گارڈن فوارہ چوک کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جب کہ سیکٹر ساڑھے 11 میں ہی نالے میں گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کہ بن قاسم میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ لیاقت آباد گجر نالے کے قریب دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
اس کے علاوہ بلدیہ سپارکو روڈ پر کرنٹ لگنے سے 2 افراد جان سے گئے۔
دوسری جانب بارش کی بوند پڑتی ہی ایک بار پھر روایتی طور پر شہر شمالی حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، سعید آباد، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، نیوکراچی، سائٹ، لیاقت آباد، کاٹھور، گلشن معمار، نصرت بھٹو کالونی، نارتھ کراچی، قصبہ، علی گڑھ اورمنگھوپیر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
اس کے علاوہ کنواری کالونی، ولیکا، بنارس، احسن آباد، موچکو اورملحقہ علاقوں، ملیر، کھوکھراپار، شاہ لطیف ٹاؤن، بن قاسم، گڈاپ، سہراب گوٹھ میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہے۔
پاپوش نگر، چھوٹا میدان،ایف سی ایریا، موسیٰ کالونی اورایف بی ایریا کے مختلف بلاکس میں بھی بجلی معطل ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون کا تیسرا اسپیل برس چکا جس کے باعث شہر میں کہیں کہیں کافی تیز بارش دیکھنے میں آئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے اور کل تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جب کہ جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 36کلومیٹر فی گھنٹہ اور 72 کلومیٹر کو بھی چھو سکتی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق انٹرنشینل ریڈارز پر آج ہونے والی بارش کی پیش گوئی نہیں تھی، بہت تیزی سے تھنڈر سیلز بنے اور تیزی سے برسے جب کہ مغرب تک مزید معتدل سے تیز بارش ہوسکتی ہے۔