Time 29 جولائی ، 2020
پاکستان

تنقید سے تنگ آکر وزیراعظم عمران خان کے 2 معاونین خصوصی مستعفی

اسلام آباد:  ایک ہی روز میں وزیراعظم عمران خان کے دو معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس مستعفی ہوگئے۔

پہلے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دیا اور کچھ دیر بعد معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی مستعفی ہوگئے۔

میری کنیڈین شہریت کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں، تانیہ ایدروس

تانیہ ایدروس نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھیجا جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی مفاد کے خاطر عہدے سے استعفیٰ دیا، میں پاکستان میں خدمت کے جذبے سے آئی تھی لیکن میری کنیڈین شہریت کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میری پیدائش کینیڈا میں ہوئی اور وہاں پیدا ہونا میری خواہش نہیں تھی، پاکستان کو جب میری ضرورت پڑے گی میں حاضر ہوں۔

تانیہ ایدروس کے استعفے کا عکس

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور مشیران کی شہریت اور اثاثوں کی تفصیلات جاری کی گئیں جن میں دہری شہریت کے حامل مشیران کو شدید تنقید کا نشانہ بنا گیا اور تانیہ ایدروس کوبھی دہری شہریت پر تنقید کا سامنا تھا۔

خوشی ہے اس وقت استعفا دیا جب کرونا کیسز کم ہوگئے ہیں، ظفر مرزا

بعد ازاں ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی اپنا استعفیٰ جمع کرادیا جس میں انہون ںے کہا کہ وہ معاون خصوصی کے کردار پر مسلسل تنقید کے باعث مستعفی ہوئے ، انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے اس وقت استعفیٰ دیا جب کرونا کیسز کم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر عالمی ادارہ صحت چھوڑ کر پاکستان آئے تھے تاہم تنقید کی وجہ سے مستعفی ہورہے ہیں اور پاکستان کے عوام مزید بہتر ہیلتھ کیئر کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا کے استعفے منظور کرلیے ہیں ارور کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے تانیہ ایدروس  اور ڈاکٹرظفرمرزاکےاستعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :