Time 30 جولائی ، 2020
پاکستان

ڈیوٹی ختم کرکے گھر جاتے ہوئے پولیس افسر کو دہشت گردوں نے قتل کردیا

سب انسپکٹر یار محمد گلشن معمار تھانے میں تعینات تھے، نادرن بائی پاس پر موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے انہیں نشانہ بنایا— فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے ضلع ملیر میں ڈیوٹی ختم کر کے موٹر سائیکل پر سادہ کپڑوں میں گھر جاتے ہوئے پولیس افسر کو نادرن بائی پاس پر دہشت گردوں نے قتل کردیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کے مطابق سب انسپکٹر یار محمد گلشن معمار تھانے میں تعینات تھا۔ وہ آج رات 8 بجے تھانے سے ڈیوٹی ختم کر کے سادہ کپڑوں میں موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہا تھا کہ نادرن بائی پاس پر موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے یار محمد کو نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے یارمحمد پر فائرنگ کی جس پر وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق شہید پولیس سب انسپکٹر یار محمد کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ رواں مہینے کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس پر یہ چھٹا حملہ ہے۔ گذشتہ چار ہفتوں کے دوران پولیس اہلکاروں کو قتل کرکے دہشت گرد اسلحہ بھی چھین کر لے جا چکے ہیں۔

ادھر انسپکٹر جنرل سندھ پولیس ( آئی جی) مشتاق احمد مہر نے نادرن بائی باس کے قریب فائرنگ کے واقعہ پر ایس ایس پی ملیر سے تمام تر ضروری اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ملیر خان بہادر فوری طور پر موقع پر پہنچے، ان کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے موقع سے شواہد جمع کیے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید خبریں :