31 جولائی ، 2020
اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کے شیر اور شیرنی کی ہلاکت کے خلاف ایک شہری کی درخواست پر اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مرغزار چڑیا گھر کے شیر اور شیرنی کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا ہے۔
شہری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ تین افراد نے شیر اور شیرنی پر آگ جلا کر تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہو گئے، اس اقدام سے پاکستان نایاب جانوروں سے محروم ہو گیا، تینوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب مرغزار چڑیا گھر میں جانوروں کی موت پر ماحولیاتی تحفظ کے عالمی ادارے ڈبلیو ڈبلیو ایف نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ایف نے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ میں قائم اپنی رکنیت سے علیحدگی اختیار کر لی ہے جب کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف نے جانوروں سے بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔