پاکستان
Time 31 جولائی ، 2020

یوٹیلیٹی اسٹورز کے چیئرمین اور ایم ڈی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان اور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)  عمر لودھی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کے مطابق چیئرمین بورڈ سے سرکاری آفس اور گاڑی واپس لے لی گئی کیونکہ چیئرمین بورڈ ذوالقرنین علی خان آفس اور سرکاری گاڑی کے مجاز نہیں اور نہ ہی بطور چئیرمین بورڈ ذوالقرنین خان کارپوریشن میں دفتر قائم کرنے کے مجاز ہیں۔

چیئرمین کو صرف اجلاس کے روز آفس اور گاڑی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

انتظامیہ ذرائع کے مطابق قواعد و ضوابط کے تحت چیئرمین کارپوریشن ماسوائے اجلاس کے دفتر بھی آ کر بیٹھ نہیں سکتے لیکن یوٹیلیٹی اسٹورز کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرکے چیئرمین نے ہیڈ آفس میں دفتر بنایا۔

ذرائع نے بتایا کہ باہمی اختلافات سے پہلے، چیئرمین کی غیر موجودگی میں ایم ڈی بھی وہ گاڑی استعمال کرتے رہے ہیں۔

دوسری طرف چیئرمین بورڈ کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف انکوائری کروانے پر ایم ڈی سمیت دیگر حکام میرے خلاف ہو گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے انکشاف کیا تھاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر کروڑوں روپے کی چوریاں ہوتی ہیں، مہنگے داموں خریداری کی جاتی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کرپشن کا گڑھ ہے اور اس میں حکومتی شخصیات بھی ملوث ہیں جو ان پر مستعفی ہونے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہیں۔

اس کے بعد آج یوٹیلٹی اسٹورز کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان نے ادارے میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کو خط بھی لکھا ہے۔

مزید خبریں :