01 اگست ، 2020
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد کم ہو گئی ہے لیکن اگر غفلت ہوئی تو محنت رائیگاں جا سکتی ہے۔
نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ عید ماضی کی عیدوں سے مختلف ہے، قوم کو چاہیے کورونا ایس اوپیز پر عمل کریں، اس سال حج بھی ماضی کے حج سے بھی مختلف تھا، حاجیوں کو محدود کر دیا گیا تھا، قوم سے گزارش ہے کہ فرائض نبھائیں لیکن احتیاط کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہو گئی ہے لیکن اگر احتیاط نہ کی تو ساری محنت رائیگاں جا سکتی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرےکو ایک سال مکمل ہو گا، کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے 5 اگست کویوم استحصال منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کمشیریوں کا جھنڈا گرایا گیا، ان پر جبر کیا گیا، آج بھی شاید جامع مسجد سری نگر میں عید کی نماز ادا نہ کی جا سکے، بھارت بابری مسجد کی جگہ مندر تعمیر کر کے پورے امت مسلمہ کا استحصال کر رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کو صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، وزیر اعظم کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے جب کہ صدر مملکت اسلام آباد میں ریلی کی قیادت کریں گے اور مختلف شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں اور سیمینار ہوں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا اراکین اسمبلی بھی ان سیمنیاروں اور مظاہروں میں شرکت کریں، 3 اگست کو لائن آف کنٹرول پر جاؤں گا، پاکستانی علاقے میں کھڑے ہو کر بھارت کو پیغام دوں گا اور دنیا کو بتاؤں گا کہ بھارت مسلم اکثریت کے تناسب کو تبدیل کرنےکی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و استبداد کی مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں پر بھارت کا ظلم مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سستےگھروں کے پروگرام میں پیش رفت ہوئی، بلڈرز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اگلے دو تین ماہ میں 1300 ارب روپےکی سرمایہ کاری کریں گے، اس سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئےگا۔
جنوبی پاکستان صوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنےگا، وزیراعظم کی جنوبی پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی سے بات کروائی، جنوبی پنجاب کی فائل لاہور نہیں جائےگی، تمام اختیارات حاصل ہوں گے، جنوبی پنجاب کے لیےکئی دہائیوں سےآواز اٹھائی گئی لیکن ہم نے بہت بڑی پیش رفت کی۔