02 اگست ، 2020
پنجاب حکومت نے 5 کے بجائے 3 اگست سے ہی صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا کے باعث 9 روزہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت کاروباری مراکز اور بازار 5 اگست تک بند کردیے گئے تھے۔
تاہم اب حکومت پنجاب نے کل ہی سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مویشی منڈیوں سے لیے گئے اسمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزاء آنے پر 5 اگست کی بجائے 3 اگست سے ہی لاک ڈاؤن ختم کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے 28 سے 5 اگست تک صوبے بھرمیں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت تمام بازار اور شاپنگ مالزبند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
تاجروں کی جانب سے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا گیا تھا اور28 جولائی کو صوبے کے مختلف شہروں میں پولیس نے احتجاج کرنے والے تاجروں پر لاٹھی چارج کیا تھا اور کئی تاجروں کو حراست میں لیا تھا۔