عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی جاری

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔

کراچی سے لیکر خیبر تک ہر جگہ فرزندان توحید حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی سنت کو تازہ کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔

جن لوگوں نے عید کے پہلے اور دوسرے روز جانور ذبح کر لیے ہیں وہ قربانی کے گوشت کی مزے مزے کے پکوانوں سے تواضع کر رہے ہیں۔

ادھر کراچی ، لاہور، پشاور ،کوئٹہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں جہاں جہاں قربانی ہو رہی ہے وہاں جانوروں کی الائشیں اٹھانے کا کام بھی جاری ہے تاہم بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے الائشیں اٹھانے کے کام میں سستی کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

گزشتہ روز لاہور میں بارش کے بعد جانوروں کی الائشیں پانی میں تیرتی نظر آئی تھیں جس کے باعث شہر کے نشینی علاقوں میں بدبو اور تعفن پھیل گیا تھا جب کہ کراچی میں بھی جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور الائشیں بلدیہ ملازمین کی آمد کے منتظر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارش کے بعد الائشیں پانی میں تیرنے کے واقعات کا نوٹس لیا تھا اور اب انہوں نے ہدایت کی ہے کہ عید صفائی آپریشن کو  آج شام تک ہر حال میں مکمل کیا جائے، 

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور اور تمام شہروں میں آلائشوں کی ڈسپوزل کا کام جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ  صفائی انتظامات پر شکایت پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ گلی محلوں میں صفائی آپریشن کو مؤثر انداز  میں جاری رکھا جائے اور  بارش کی صورت میں واسا کے افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود رہیں۔

مزید خبریں :