رواں مالی سال کے پہلے ماہ مہنگائی میں ہوشربا اضافہ

فوٹو فائل-

رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق جون کے مقابلے میں جولائی میں مہنگائی میں 2.50 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد  جولائی میں مہنگائی کی شرح 9.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی میں ماہانہ بنیاد پر سبزیاں 23.8 فیصد مہنگی ہوئیں جس میں ٹماٹر  شہری علاقوں میں 179 فیصد جب کہ پیاز  16.6 فیصد منہگے ہوئے۔

اسی طرح جولائی میں ماہانہ بنیاد پر انڈے 10.8، مسالحہ جات 7.5 فیصد، گندم 7.4، آلو 4.5 فیصد جب کہ گوشت 3.9، چینی 3.8 فیصد اور لوبیا 3 فیصد مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی میں ماہانہ بنیاد پر موٹر فیول 27 فیصد مہنگا ہوا جب کہ سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو جولائی میں شہری علاقوں میں ٹماٹر 100 فیصد آلو 63 فیصد، دال مونگ 46.25 فیصد، انڈے 43.11 فیصد، مرغی 36.69 فیصد مہنگی ہوئی۔

جولائی میں سالانہ بنیاد پر چینی 17 فیصد مہنگی ہوئی جب کہ گندم 28.52 فیصد اور  آٹا 18.52 فیصد مہنگا ہوا۔

 ادارہ شماریات نے واضح کیا کہ جون 2020 میں منہگائی کی شرح 8.6 فیصد تھی جب کہ گزشتہ برس جولائی میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد تھی۔

مزید خبریں :