انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 11 کھلاڑی کون ہوں گے؟

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے گیارہ کھلاڑی کون ہوں گے؟—فوٹو فائل

بروز بدھ 5 اگست سے مانچسٹر کا اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ پاکستان اور  انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کا میزبان ہو گا، اس ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے تین فاسٹ بولرز اور  دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا  ہے۔

 اولڈ ٹریفورڈ کی پچ پر اسپنرز کے کردار کو  دیکھتے ہوئے، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے یاسر شاہ کے ہمراہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو فائنل الیون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 دلچسپ بات یہ ہے کہ شاداب خان جو کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے سبب ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ سفر نہیں کر سکے تھے، وہ انگلینڈ پہنچنے کے بعد بھی بطور بولر خاص ردھم میں دکھائی نہیں دے رہے۔

ڈر بی میں کھیلے گئے پہلے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ میں پی سی بی وائٹس کے لیے کھیلنے والے شاداب نے 17 اوورز میں 104رنز دیے اور کوئی وکٹ نہیں لے سکے تھے، البتہ 2018 میں انگلینڈ میں دو ٹیسٹ میں دو نصف سینچریاں بنانے والے شاداب کو بیٹنگ کو مضبوط کرنے کی غرض سے فہیم اشرف پر ترجیع دی جا رہی ہے، امکان ہے کہ وہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔

انگلینڈ میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم کے چار کھلاڑی عابد علی، وکٹ کیپر محمد رضوان، فاسٹ بولرز  نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ انگلینڈ میں ٹیسٹ کھیلنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ 

مانچسٹر میں پاکستان کی پہلے ٹیسٹ کے لیے 11 ارکان پر مشتمل ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔ 

اظہر علی ( کپتان )، عابد علی، شان مسعود، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور  نسیم شاہ۔

مزید خبریں :