Time 03 اگست ، 2020
پاکستان

ڈاکٹر فیصل سلطان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت مقرر

ڈاکٹر فیصل سلطان کو ڈاکٹر ظفر مرزا کی جگہ معاون خصوصی تعینات کیا گیا ہے اور ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا۔ فوٹو: فائل

ماہر متعدی امراض ڈاکٹر فیصل سلطان کو وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی برائے صحت مقرر کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے وائرس کی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں اور اب انہیں معاون خصوصی برائے صحت کے عہدے پر بھی ترقی دے دی گئی ہے اور ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کی تقرری، سابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے استعفے کے باعث کی گئی ہے۔

چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کے دو معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کیلئے اعزازی شیلڈ

دوسری جانب سابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کو این سی او سی آمد پر وفاقی وزیر اسد عمر نے اعزازی شیلڈ پیش کی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ظفر مرزا کو این سی او سی مدعو کیا گیا تھا، کئی ماہ سے نیشنل کووڈ رسپانس میں ڈاکٹر ظفر مرزا کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر ظفر مرزا کی سپورٹ پر ان کے شکر گزار ہیں اور ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی نیک خواہشات ہیں۔

مزید خبریں :