04 اگست ، 2020
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں تمام جماعتیں مڈٹرم انتخابات پر مشاورت کریں گی۔
جیو نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف شرکت کریں گے جب کہ کانفرنس کی سربراہی ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتیں کریں گی۔
رانا ثناء اللہ کاکہنا تھا کہ معاشی بدحالی، بے روزگاری،مہنگائی مڈٹرم انتخابات کا تقاضہ کر رہے ہیں، اے پی سی میں تمام اپوزیشن جماعتیں مڈٹرم انتخابات پر مشاورت کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کشمیرکے معاملے پر گذشتہ ایک سال سے خاموش ہے، ایک منٹ کی خاموشی بھی بے سود ہو گی،کشمیریوں پر ظُلم ہو رہا ہے اور حکومت کلبھوشن کو اپیل کا حق دے رہی ہے۔