پاکستان
Time 26 جولائی ، 2020

ن لیگ کا اپوزیشن کی اے پی سی میں نئے انتخابات پر زور دینے کا فیصلہ

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن)  کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ن لیگ آل پارٹیز کانفرنس میں نئے انتخابات پر زور دے گی اور شہباز شریف کی شرکت اُن کی صحت سے مشروط ہو گی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں اُن کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا جو دو گھنٹے جاری رہا۔

اجلاس میں رانا ثناء اللہ، سعد رفیق، رانا تنویر، مریم اورنگزیب، شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ 

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگ اے پی سی میں نئے انتخابات پر زور دے گی اور شہباز شریف کی شرکت اُن کی صحت سے مشروط ہوگی۔

اجلاس میں تمام رہنماؤں نے شہباز شریف کو اپنی کی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی تنظیم سازی کی جائے گی اور پارٹی چھوڑنے والوں کے لیے آئندہ پارٹی کے دروازے بند رکھے جائیں گے۔

 اجلاس میں اِس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ ن لیگ قومی اسمبلی میں قانون سازی سے متعلق بھرپور حصہ لے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا تھا اور کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے انعقاد پر مشاورت کی تھی۔

بعدازاں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی تھی جس میں  حکومت سے چھٹکارا پانے کے لیے سیاسی روابط تیز کرنے اور عید کے بعد اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :