08 جولائی ، 2020
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے انعقاد پر مشاورت کی۔
دونوں رہنماؤں نے کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد پر مشاورت کے ساتھ اے پی سی کی تاریخ اور اس میں زیر غور آنے والے نکات پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کی جانب سے بھی سابق صدر آصف زرداری کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر شہباز شریف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کیے تھے تاہم اس دوران شہباز شریف کورونا کی تشخیص کے باعث آئسولیشن میں تھے۔
گذشتہ روز دونوں اپوزیشن جماعتوں میں دوریوں کی خبر سامنے آئی تھی اور کہا جارہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی کل جماعتی کانفرنس کی تجویز پر پی پی کی قیادت کو مسلم لیگ ن کے جواب کا انتظار ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو مسلم لیگ ن کی قیادت کے رویے سے مایوس ہیں جب کہ ن لیگ کی قیادت بھی پیپلز پارٹی سے رابطوں سے گریزاں ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی سرد مہری کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے متبادل حکمت عملی پر غور شروع کردیا ہے۔