کراچی طیارہ حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کو اب ایک کروڑ روپے ملیں گے

انشورنس کی رقم میں اضافے کے لیے پی آئی اے کی سی ای اوارشد ملک نے کمپنی سے کامیاب مذاکرات کیے: ترجمان پی آئی اے— فوٹو:فائل 

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو کراچی میں پیش آنے والے حادثے کے شہداء کے لواحقین کو انشورنس کمپنی 50 لاکھ کے بجائے ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کو تیار ہوگئی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق کراچی طیارہ حادثے کے شہداء کے انشورنس معاوضے میں اضافہ کردیا گیا ہے اور انشورنس کمپنی اب لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے ادا کرنے کو تیار ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ انشورنس کی رقم میں اضافے کے لیے پی آئی اے کی سی ای اوارشد ملک نے کمپنی سے کامیاب مذاکرات کیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ماضی میں فضائی حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے ادا کیے جاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے جاں بحق مسافروں کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے پہلے ہی ادا کرچکی ہے جب کہ انشورنس کی رقم کی ادائیگی کے لیے تمام لواحقین کو خطوط ارسال کیے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ 22 مئی کو کراچی آنے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

مزید خبریں :