04 اگست ، 2020
سعودی عرب میں رواں برس کورونا وائرس کے باعث محدود حج آپریشن کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے سیکرٹری ڈاکٹر حسین الشریف کے مطابق 8 سعودی شہروں سے آئے حجاج جدہ سے اپنے شہروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حجاج واپسی پر اپنے گھروں میں 14 دنوں تک آئسولیشن میں رہیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کامیاب حج آپریشن کے بعد احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کی اجازت کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے جون میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔
رواں برس صرف 10 ہزار عزام کرام نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کی جن کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا تھا۔
حجاج کرام میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فیصد اور 30 فیصد سعودی شہری تھے۔