آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں قبضے میں لینے کی درخواست ملتوی

فائل فوٹو

احتساب عدالت نے آصف زرداری اور نواز شریف کی توشہ خانہ سے حاصل گاڑیاں قبضے میں لینے کی نیب کی درخواست پر سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔ 

نیب نے توشہ خانہ سے حاصل کی گئی آصف زرداری کی تین گاڑیوں کی ملکیت منجمد کر رکھی ہے جس میں دو بی ایم ڈبلیو اور ایک لیکسز شامل ہے جب کہ نواز شریف کی توشہ خانہ سے لی جانے والی مرسیڈیز گاڑی کی ملکیت منجمد کی گئی ہے۔

 نیب نے توشہ خانہ سے حاصل کی گئی گاڑیاں قبضہ میں لینے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے جس پر عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو تمام گاڑیوں کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا تھا تاہم احتساب عدالت کے جج اصغر علی کے موسم گرم کی تعطیلات پر ہونے کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔

 آصف زرداری اور نواز شریف پر توشہ خانہ سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے اور اس متعلق نیب ریفرنس کی سماعت پہلے ہی 17 اگست کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔ 

عدالت نے سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

 توشہ خانہ ریفرنس میں عدالت نے نواز شریف کی مسلسل عدم حاضری پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر رکھی ہے جب کہ آصف زرداری کی عدم حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :