کھیل
Time 06 اگست ، 2020

لانگ ‏جمپ سے شہرت حاصل کرنے والے ٹھٹھہ کے نوجوان کو آرمی ٹریننگ دے گی

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی نے بتایا ہے کہ پاکستان آرمی نے نوجوان آصف کی تربیت کی ذمہ داری لی ہے— فوٹو : فائل

لانگ ‏جمپ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے ٹھٹھہ کے نوجوان پاکستان آرمی کے ایتھیلٹکس کے کوچز سے ٹریننگ حاصل کریں گے۔

‏نوجوان آصف کی دو لانگ جمپ والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں ، نہر کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک لانگ جمپ کرنے کے بعد جب موٹر سائیکلز سے لانگ جمپ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو اس نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا۔

‏ویڈیو گھنٹوں میں وائرل ہونے کے بعد پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی نے نوجوان کو ڈھونڈ نکالا اور اس سے رابطہ کر کے اسے لاہور بلایا تاکہ ان کی صلاحیتیوں کو دیکھ کر ان کی ٹریننگ کا بندو بست کیا جاسکے۔

‏ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے بتایا ہے کہ انہیں آج ہی علم ہوا ہے کہ پاکستان آرمی نے نوجوان آصف کی تربیت کی ذمہ داری لی ہے۔

‏ اکرم ساہی کا کہنا ہے کہ آصف اب آرمی کے ایتھلیٹکس کوچز سے ٹریننگ لیں گے۔ وہ آرمی ٹیم کو جوائن کر رہے ہیں اور خوشی ہے کہ انہیں ایسے کوچز سے ٹریننگ کا موقع مل رہا ہے جو کہ محنتی اور باصلاحیت ہیں۔ پاک آرمی جیسے ادارے میں ان کا شامل ہونا خوش آئند ہے۔

‏ اکرم ساہی نے کہا کہ وہ محمد آصف کو آرمی ٹیم میں شامل کرنے پر تمام متعلقہ لوگوں اور آرمی چیف کے شکر گزار ہیں، محمد آصف کو وہاں ٹریننگ کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ اکرم ساہی نے کہا کہ محمد آصف پاکستان ایتھلیٹکس کا سرمایہ ثابت ہوں گے۔ نیک خواہشات محمد آصف اور ان کی فیملی کے ساتھ ہیں۔

‏ اکرم ساہی نے کہا کہ آرمی کے ساتھ ساتھ جہاں فیڈریشن کی ضرورت ہوگی وہ آصف کے لِیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں :