پشاور بی آر ٹی میں سفر کیلئے کارڈز کی تقسیم جاری، افتتاح کب ہو گا؟

پشاورمیں  بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) بسوں میں سفر کرنے کے لیے شہریوں میں سفری کارڈز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

خیبر پختونخواحکومت نے مجموعی طور پر ایک لاکھ سفری کارڈز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کےمعاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش بھی بی آر ٹی گلبہار اسٹیشن پہنچے اور قطار میں کھڑے ہوکربی آرٹی میں سفر کے لیےکارڈ حاصل کیا۔

کامران بنگش کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے افتتاح کی خوشخبری جلد عوام کو سنائیں گے۔

خیال رہے کہ بی آر ٹی بسوں کے سفری کارڈز کی تقسیم تو شروع ہوگئی ہے تاہم بس سروس شروع کب ہوگی،حکومت کی جانب سےاب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

گذشتہ دنوں وزیر محنت خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ بی آر ٹی کا افتتاح اگست میں ہوگا۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث بی آر ٹی منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، کورونا  نہ ہوتا تو منصوبے کا افتتاح ہوچکا ہوتا۔

 یاد رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود  مکمل نہیں ہوسکا۔

 اکتوبر 2017ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو  خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھاجب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔

مزید خبریں :