Time 06 اگست ، 2020
پاکستان

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کےدوران شہباز شریف کی جے یو آئی قیادت سے معذرت

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے  پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کےدوران جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کی قیادت سےمعذرت کی ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران شہباز شریف  نے  گزشتہ بلوں پر جے یو آئی سے مشاورت نہ کرنے پر معذرت کی۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوں کےمعاملے پر جے یوآئی سے تبادلہ خیال میں کمی رہی، ان کے دل میں مولانا فضل الرحمان کا بہت احترام ہے، آئندہ ایسی بات نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سینیٹ اور قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی ترامیم شامل کرنے کے بعد اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل اور انسداد دہشت گردی ترمیمی بلز کی منظوری  دی تھی جب کہ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بلز کی مخالفت کی گئی تھی۔

جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام کے مؤقف کو کیوں سنا نہیں جاتا، کیا ہم ملک و قوم کے دشمن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  کہ اپوزیشن کی طرف سے ترامیم لاکر حکومت کو راستہ دینا اپوزیشن کی کمزوری ہے، دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں سے گلہ ہے،دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے اپوزیشن کا ساتھ نہیں دیا اور حکومت کی حمایت کی۔

مولانا عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کے بعد ہم اپوزیشن کے ساتھ فلور پر ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہیں، حکومت کوجے یو آئی ف کو نظر انداز کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

مزید خبریں :