Time 07 اگست ، 2020
پاکستان

کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل میں مسلسل دوسرے روز گرج چمک کے ساتھ بارش

کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل میں مسلسل دوسرے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش کے باعث حسب معمول شہر کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں، بجلی غائب ہوگئی اور نالوں سے متصل علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔

عزیز آباد نمبر 2 میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بارش کے بعد مصروف آئی آئی چندریگر روڈ پر گڑھا پڑ گیا جبکہ سٹی کورٹ مال خانے کی چھت ٹپکنے لگی اور عدالتی راہداریوں میں بھی پانی کھڑا ہوگیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پانی کی نکاسی اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے جنوب مشرق میں تھنڈر سیلز بن رہے ہیں، جس کے باعث شہر میں آج دن بھر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار بھی کیا ہے کہ مون سون کا چوتھا اسپیل تمام اسپیلز سے زیادہ طاقتور ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان پر موجود ہوا کا کم دباؤ بڑھ گیا ہے اور ہوا کا کم دباؤکراچی اور بلوچستان کے جنوب میں موجود ہے جب کہ کراچی میں ہوا کے کم دباؤ کی شدت تاحال برقرار ہے۔

کراچی میں بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 400سے زائد فیڈر ٹرپ 

کراچی میں بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 400سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کئی علاقوں میں کل سے اب تک بجلی کی فراہمی بحال ہی نہ ہوسکی، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، عظیم پورہ میں 24گھنٹے سے بجلی معطل ہے جبکہ جامعہ ملیہ کے اطراف کے علاقے  بھی بجلی سے محروم ہیں۔ ان علاقوں کے مکینوں نے کے الیکڑک دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔

اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

اورنگی ٹاؤن، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، محمود آباد، ڈیفنس، بلدیہ ٹاؤن، اولڈ سٹی ایریا، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بجلی تاحال بند ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی جاری ہے، نشیبی اور کنڈے والے علاقوں میں احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی ہے، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث چند مقامات پر بجلی کا تعطل ہے، سیفٹی کلیرنس ملتے ہی متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز کی بارش میں 3 افراد جاں بحق ہوئے

خیال رہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے دوران مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، گلستان جوہر اور لیاری میں گھر میں گرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہیں جب کہ ماڑی پور کے قریب لیاری ندی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔

مزید خبریں :