کراچی میں شدید گرمی اور حبس کے بعد بارش، بجلی غائب، سڑکوں پر پانی جمع

کراچی میں شدید گرمی اور حبس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں مون سون کے چوتھے اسپیل نے بارش برسانا شروع کردیا۔

شہر کے کئی علاقوں سے عید سے قبل ہونے والی بارش کا پانی اور گندگی اب تک صاف نہ ہوسکی تھی کہ نئے اسپیل سے ان علاقوں کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔

کشمیری محلے میں جمع سیوریج کا پانی اور کچرا اب تک ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا، گندگی اور کچرے کے باعث کورنگی ندی کے بہاؤ میں بھی رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ماڈل کالونی میں جانوروں کی آلائشوں سے اٹھنے والے تعفن اور بارش سے مکینوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

سندھ کے ساحلی علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ماہی گیروں کو 8 اگست تک گہرے سمندر میں نہ جانے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی میں بارش رحمت کے بجائے زحمت بن گئی

 کراچی میں بارش رحمت کے بجائے زحمت بن جاتی ہے اور اس بار بھی یہی ہوا، صدر، اولڈ سٹی ایریا ، ائیرپورٹ، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاون،ملیر، کورنگی اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش ہوتے ہی آئی آئی چندریگرروڈ، شارع فیصل ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور  پھر روایت کے عین مطابق کے الیکٹرک کے 600 فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے نیوکراچی، منگھوپیر، سرجانی، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گارڈن، لیاری، بلدیہ، سعید آباد، لیاقت آباد سمیت سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے علاوہ بھی مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تین سے 9 گھنٹے تک پہنچا ہوا ہے جبکہ لوڈ منیجمنٹ کے نام پر بھی رات 2 بجے سے 5 بجے تک مختلف علاقوں کی بجلی بند کردی جاتی ہے جس سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر بھر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی جبکہ کچھ مستثنیٰ علاقوں میں عارضی لوڈمنیجمنٹ کی جارہی ہے۔

کہاں کتنی بارش ہوئی؟

کراچی میں دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجےتک کے دوران سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل پر 56 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  سعدی ٹاؤن میں 54، صدر میں46، یونیورسٹی روڈ پر 38.2 ، اولڈ ائیرپورٹ پر 37.5، سرجانی 19، بیس مسرور 14.5 ، کیماڑی میں12.5، جناح ٹرمینل 9.8، ناظم آباد میں 10 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ  نارتھ کراچی 7.5، گلشن حدید میں 7 ملی میٹر  اور  لانڈھی میں اب تک 25.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

نالوں کی صفائی کا کام جاری

کراچی میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے برساتی نالوں کی صفائی کا کام تیسرے روز بھی جاری ہے۔

 ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گجر نالے، کورنگی نالے اور مواچھ گوٹھ نالے پر 42 مقامات پر چوک پوائنٹس میں سے 35 کلیئر کردیے گئے، گجر نالا 80 فیصد، کورنگی نالا 85 فیصد اور مواچھ گوٹھ نالا 75 فیصد تک صاف کیا جا چکا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا ایک کم دباؤ خلیج بنگال اور دوسرا دباؤ  رن آف کچھ پر موجود ہے، سسٹم کے آگے بڑھنے پر اگر انہیں سمندر سے نمی ملتی ہے تو یہ مزید مضبوط ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون کے اس چوتھے اسپیل کے دوران 100 سے 130 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :