لڑکی کو بے لباس کرنے اورمبینہ زیادتی کیس میں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے سید پوری میں لڑکی کو بے لباس کرنے اور مبینہ زیادتی کے کیس میں 2 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 11 اگست تک توسیع کردی جب کہ گرفتار ملزم کو بھی ضمانت پر رہا کردیا۔

راولپنڈی کے علاقے سید پوری میں لڑکی کو بے لباس کرنے اور مبینہ زیادتی کے کیس کی سماعت مقامی عدالت میں ہوئی جہاں عبوری ضمانت پر رہا ملزم محسن اور ارسلان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ پولیس نے مرکزی ملزم عامر کو بھی عدالت میں پیش کیا۔

دوران سماعت مدعی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے 354 اے کی دفعہ شامل نہیں کی، عوامی مقام پر زیادتی اور ویڈیو بنانے پر 354 اے کی دفعہ لگتی ہے اور اسی 354 اے کی دفعہ کے تحت  انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ٹرائل ہوگا۔

انہوں نے مزید دلائل دیے کہ ایف آئی آرکے مندرجات اور ویڈیو کو ملاخطہ کیا جائے تو دفعہ 354 اے بنتی ہے لہٰذا  تفتیشی افسر کو  ہدایت دے کر متعلقہ دفعہ کا اضافہ کیا جائے۔

دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے عدالت سے کیس کی تیاری کے لیے وقت مانگ لیا جب کہ عدالت نے ملزمان ارسلان اور محسن کی عبوری ضمانت میں 11 اگست تک توسیع کی۔

عدالت نے ویڈیو بنانے اور مبینہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی 50 ہزارروپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔

کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل راولپنڈی کے علاقہ سید پوری گیٹ میں رات کے آخری پہر مبینہ طورپر نشے میں دھت 4 نوجوانوں نے راہ چلتی لڑکی کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی تھی۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی کے حکم پر ملزمان محسن اور ارسلان عرف آنی کے خلاف 15 جولائی کو مقدمہ درج کر لیا گیا تھا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔

مزید خبریں :