کھیل
Time 07 اگست ، 2020

انگلینڈ کیخلاف دوسری اننگز میں پاکستان کے 8 وکٹ پر 137 رنز، 244 کی برتری

انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنالیے اور اسے انگلینڈ پر 244 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو یاسر شاہ 12 اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔

تیسرے دن کھیل کا آغاز انگلینڈ نے کیا

مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنے بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 219 رنزپر آؤٹ کرکے 107 رنز کی برتری حاصل کی۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز نے شاندار پرفارمنس دی، کھیل کے دوسرے روز انگلینڈ کی ابتدائی چار وکٹیں 62 رنز پر گرائیں اور آج  تیسرے دن اولی پوپ 46 اور جوز بٹلر 15 رنز کے ساتھ میدان میں آئے۔

آج پہلی ضرب فاسٹ بولر نسیم شاہ نے لگائی  اور  پوپ کی وکٹ 62 رنز پر کھڑکائی، پھر یاسر شاہ کا جادو چلا  جنہوں نے جوز  بٹلر کو 38 ، ڈوم بیس کو ایک اور کرس ووکس کو 19 رنز پر چلتا کیا۔

آخری دو وکٹیں شاداب خان نے گرائیں، جوفرا آرچر 16 اور جیمز اینڈرسن 7 رنز بنا کر ان کا شکار بنے اور انگلینڈ کی ٹیم 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یاسر شاہ نے 66 رنز کے عوض 4 وکٹیں گرائیں جبکہ محمد عباس اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی دوسری اننگز

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز بھی شان مسعود اور عابد علی نے کیا تاہم پہلی اننگز میں سنچری داغنے والے شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے اسٹیورٹ براڈ کا شکار ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 33 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب عابد علی 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کپتان اظہر علی 18، بابر اعظم 5، اسد شفیق 29، محمد رضوان 27، شاداب خان 15 اور شاہین آفریدی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

تیسرے دن کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 8 وکٹوں پر 137 رنز بنائے تھے اور اسے انگلینڈ پر 244 رنز کی برتری حاصل تھی۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے 2،2 جبکہ ڈوم بیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے تھے اور اپنی دوسری اننگز    107 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی تھی۔

مزید خبریں :