حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں کراچی کیلئے 2022ء تک کا پانی ذخیرہ

سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے کراچی کو  پینے کا پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح مزید 8 فٹ بلند ہوگئی ہے۔

واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(واپڈا) ذرائع کے مطابق بارشیں شروع ہونے سے قبل حب ڈیم میں پانی کی سطح 312 فٹ پر تھی جب کہ حالیہ بارشوں سے اب حب ڈیم میں سطح آب 320 فٹ سے تجاوز کرگئی ہے۔

حب ڈیم کے کیچ منٹ علاقے میں شدید بارشوں کے بعد ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق چند روز  میں اب تک 8 فٹ سے زائد پانی آچکا ہے اور پانی کا یہ ذخیرہ کراچی کے لیے سال 2022ء  تک کے لیے کافی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  گزشتہ سال کی بارشوں سے حب ڈیم میں جمع پانی کراچی کو ایک سال تک سپلائی کیا جاسکتا تھا۔

خیال رہے کہ حب ڈیم سے خاص طور پر کراچی کے ضلع غربی کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے جس میں اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن جیسے علاقے بھی شامل ہیں تاہم ڈیم میں پانی وافر مقدار میں ہونے کے باوجود ان علاقوں کے شہریوں کو میٹھے پانی کے حصول میں کافی تگ و دو کرنی پڑتی ہے۔

ضلع غربی میں اصل مسئلہ پانی کی منصفانہ تقسیم کا ہے کیوں کہ بعض علاقے ایسے ہیں جہاں ضرورت سے زیادہ پانی آتا ہے جبکہ بعض علاقوں میں مہینے میں صرف ایک بار ہی کچھ دیر کیلئے پانی چھوڑا جاتا ہے۔

مزید خبریں :