دنیا
Time 09 اگست ، 2020

لبنان میں سیاسی و معاشی بحران، وزیرا عظم کی قبل از وقت انتخابات کی تجویز

فوٹو: فائل

سیاسی و معاشی بحران میں گھرے ملک لبنان کے وزیر ا عظم حسن دیب نے قبل از وقت انتخابات کرانے کی تجویز دے دی۔

لبنان کے وزیر اعظم حسن دیب کا قوم سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کے بغیر  ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے۔

لبنانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیر کے روز قبل از وقت انتخابات سے متعلق مسودہ کابینہ کو پیش کروں گا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا ملک کو ایک نئی پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ 4 اگست کو لبنان کا درالحکومت بیروت ایک زور دار دھماکے سے گونج اٹھا تھا جس کی شدت اس قدر تھی کہ پورٹ مکمل تباہ ہو گئی اور کئی کلومیٹر تک عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

دھماکوں میں اب تک 157 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 6 ہزار افراد زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ دھماکوں سے لبنان کو 15 ارب ڈالر کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

دو روز قبل لبنان میں عوام کی بڑی تعداد نے حکومت کے خلاف مظاہرہ بھی کیا تھا جسے پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کے بعد منتشر کر دیا تھا۔

مزید خبریں :