Time 09 اگست ، 2020
پاکستان

نیب ایک بار نہیں 10 بار بھی بلائے تو جائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک بار نہیں 10 بار بھی بلائے تو وہ پیش ہوں گے جب کہ ہمارا دامن صاف ہے تو ہمیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم لاہور میں 7 لاکھ پودے لگائیں گے، راوی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں بھی7 لاکھ پودے لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے، تمام معاملات قواعد و ضوابط کے مطابق چلاتا ہوں، سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوچکا ہوں لہٰذا نیب میں بھی پیش ہوں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ جب سے حکومت میں آئے ہیں، ہمارے خلاف منظم پروپیگنڈا ہورہا ہے، پنجاب بڑاصوبہ ہے، یہ نہیں کہہ سکتاکہ سب اچھا ہے لیکن جہاں جہاں مسائل نظر آتے ہیں ایکشن لینا ہمارا فرض بنتاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ روزانہ ہزاروں فائلیں چلتی ہیں اور ہرفائل ایوان وزیراعلیٰ نہیں آتی، ہمارا دامن صاف ہے تو ہمیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، ایک نہیں 10 بار نیب بلائے، جائیں گے اور ہر چیز دکھائیں گے، ہم نے غلط کام کیا ہے نہ کرنے دیں گے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ نیب میں کسی کو بلانے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ قصور وار ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 12 اگست کو طلب کررکھا ہے اور ان پر ایک ہوٹل کو غیر قانونی طور پر شراب کا لائسنس جاری کرانے کا الزام ہے۔ 

مزید خبریں :